شہزاد اکبر کے بھائی کی بازیابی کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز کو 2 دن کی مہلت

آپ کے پاس 2 دن کا وقت ہے، مراد اکبر کو پیش کریں، جسٹس محسن اختر کیانی
شائع 31 مئ 2023 02:46pm

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے سابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے بھائی مراد اکبر کی بازیابی کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز کو 2 دن کی مہلت دیتے ہوئے 2 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے شہزاد اکبر کے بھائی کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

عدالتی حکم پر ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ درخواست گزار کے وکیل قاسم ودود بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ آپ کے پاس 2 دن کا وقت ہے، مراد اکبر کو پیش کریں۔

عدالت نے پولیس کو 2 روز میں مراد اکبر کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی۔

Read Comments