Aaj Logo

شائع 31 مئ 2023 04:49pm

قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنانا ہوگی، عرفان قادر

معاون خصوصی وزیراعظم عرفان قادر کا کہنا ہے کہ قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی اپنانا ہوگی، جنہوں نے کچھ نہیں کیا انہیں کسی مقدمے میں نہیں پھنسایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعطم کے معاون خصوصی عرفان قادر کا کہنا تھا کہ آج کل 190 ملین پاؤنڈ کیس مشہور ہے، برطانیہ نے پاکستان کے پیسے منجمد کیے تھے، کہتے ہیں پیسہ پاکستان آنے کے بجائے اکاؤنٹس میں چلا گیا، سابق حکومت نے این سی اے کے سامنےغلط بیانی کی۔

عرفان قادر نے کہا کہ ریاست پاکستان کاپیسہ لوٹ لیا گیا، کیا کوئی بتائےگا کہ سپریم کورٹ کا اکاؤنٹ ریاست کا ہے، القادرٹرسٹ کو زمین بھی ڈونیشن میں دی گئی، 24 کروڑ مالیت کی زمین القادر ٹرسٹ کو عطیہ کردی گئی، اور تقریبا 80 کروڑ کے عطیات اس ٹرسٹ کو دیے گئے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کیخلاف زیروٹالیرنس پالیسی اپنانا ہوگی، جنہوں نے کچھ نہیں کیا انہیں کسی مقدمےمیں نہیں پھنسایا جائے گا، احتساب کو ظلم و جبر کے طور پر پیش نہیں کیا جائے گا۔

عرفان قادر نے کہا کہ موجودہ چیئرمین نیب سے بہت امید ہے، نیب عمران خان کو شامل تفتیش بھی کرنا چاہتی ہے، نیب کے قانون میں اب ضمانت والا راستہ کھل گیا، قانون کی نظر میں سب برابر ہے۔

Read Comments