Aaj Logo

اپ ڈیٹ 03 جون 2023 05:43pm

جناح ہاؤس حملہ کیس: 89 ملزمان اور 13 خواتین جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں 89 ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ جبکہ 13 خواتین کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل کے روبرو 9 مئی کو جناح ہاؤس اور جلاؤ گھیراؤ کے ملزمان کو پیش کیا گیا۔

مزید پڑھیں: 9 مئی واقعات، خدیجہ شاہ سمیت 102 افراد کی شناخت ہوگئی

عدالت کو بتایا گیا کہ 89 مرد اور 13 خواتین کی شناخت پریڈ میں شناخت ہو چکی ہے جبکہ 23 افراد کی شناخت نہیں ہو سکی، حملے اور جلاؤ گھیراؤ کے محرکات جاننے کے لیے ملزمان کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

عدالت نے 89 ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے سپرد کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 10 جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

مزید پڑھیں: جناح ہاؤس حملہ کیس: محکمہ داخلہ پنجاب نے مزید 5 جے آئی ٹیز تشکیل دے دیں

گرفتار خواتین نے عدالت کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کے لیے پولیس کے سپرد نہ کیا جائے وہ بہت زیادہ خوفزدہ ہیں، جیل میں یہ ٹیسٹ کروالیا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ پریشان نہ ہوں آپ جیل میں رہیں گی اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی وہیں پر ہو گا۔

مزید پڑھیں: جناح ہاؤس حملہ کیس: 4 خواتین کو شناخت پریڈ کیلئے جوڈیشل ریمانڈ ہر جیل بھجوا دیا گیا

تاہم پولیس کی جانب سے بتایا کہ فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ جیل میں کروانا ممکن نہیں، عدالت ان خواتین کا بھی جسمانی ریمانڈ منظور کرے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا کو منظور کر لی اور تمام خواتین کو جسمانی ریمانڈ پر لیڈیز پولیس کے حوالے کر دیا۔

عدالت نے شناخت نہ ہونے والے 23 افراد کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

Read Comments