Aaj Logo

اپ ڈیٹ 07 جون 2023 04:22pm

پشاور ہائیکورٹ کا علی محمد خان کو رہا کرنے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت علی محمد خان کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ایس ایم عتیق شاہ پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے تھری ایم پی او میں گرفتار سابق وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کے دوارن مختصر فیصلہ سناتے ہوئے علی محمد خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے ساتھ ان کی رہائی کے احکامات جاری کر دیے۔

عدالت نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں بھی منظور کرلیں۔

درخواست گزار کے وکیل علی زمان ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی محمد خان کو رہا کرنے کا حکم دیا تو کے پی پولیس نے ان کو تھری ایم پی او میں گرفتارکر لیا ۔

دوران سماعت جسٹس اعجاز انوار نے ریمارکس دیے کہ جو پریس کانفرنس کرتے ہیں ان کو چھوڑ دیا جاتا ہے اور جو پریس کانفرنس نہیں کرتے وہ دوبارہ گرفتار ہوجاتے ہیں، ایک پریس کانفرنس سے کس طرح اتنے سنگین الزامات ختم ہو جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ علی محمد خان کو ایم پی او کے تحت اڈیالہ جیل کے باہر سے خیبرپختونخوا پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔

Read Comments