Aaj Logo

شائع 10 جون 2023 04:04pm

امریکا کو روس کے اندر ایرانی ڈرون تیار کرنے کی کوششوں پر تشویش ہے، وائٹ ہاؤس

وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ روس کو یوکرین پر حملے کے لیے سیکڑوں ایرانی ڈرون ملے ہیں۔ امریکا کو روس کے اندر ایرانی یو اے وی تیار کرنے کے منصوبے پر تشویش ہے۔

سی این بی سی ٹی وی نے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان جان کربی نے ایک بیان میں کہا، “روس حالیہ ہفتوں میں کیف پر حملہ کرنے اور یوکرین کی آبادی کو دہشت زدہ کرنے کے لیے ایرانی یو اے وی کا استعمال کر رہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ روس اور ایران کی فوجی شراکت داری گہری ہوتی جا رہی ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے نئی خفیہ معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ڈرون ایران میں بنائے گئے تھے، جنہیں بحیرہ کیسپین میں بھیجا گیا اور پھر روسی افواج نے یوکرین کے خلاف استعمال کیا۔

جان کربی کا کہنا ہے کہ ہمیں اس بات پر بھی تشویش ہے کہ روس ایران کے ساتھ مل کر روس کے اندر سے ایرانی یو اے وی تیار کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ امریکا کے پاس معلومات ہیں کہ روس ایران سے ڈرون مینوفیکچرنگ پلانٹ کی تعمیر کے لیے ضروری مواد حاصل کر رہا ہے جو اگلے سال کے اوائل میں مکمل طور پر فعال ہو سکتا ہے۔ “ہم روس کے الابوگا اسپیشل اکنامک زون میں اس یو اے وی مینوفیکچرنگ پلانٹ کے مجوزہ مقام کی سیٹلائٹ تصاویر جاری کر رہے ہیں۔

دوسری طرف روس نے امریکا کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ اس کی افواج نے یوکرین میں ایرانی ڈرون استعمال کیے۔

Read Comments