Aaj Logo

شائع 12 جون 2023 09:08am

فواد کی استحکام پاکستان میں شمولیت پر اہلیہ کا صفائی دینے سے انکار

جہانگیر ترین نے 8 جون کو لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں اپنی نئی سیاسی جماعت ”استحکام پاکستان پارٹی“ کا باضابطہ اعلان کیا۔

استحکامِ پاکستان“ کی لانچنگ تقریب میں پی ٹی آئی کو بیچ منجھدار میں چھوڑنے والے رہنماؤں کے بیچ فواد چوہدری بھی نظر آئے۔

جہاں جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت ”استحکامِ پاکستان“ پریس کانفرنس کے درمیان نگاہوں کا مرکز بنی ہوئی تھی، وہیں تحریک انصاف کے سابق لیڈر فواد چوہدری بھی نگاہوں کا مرکز بنے رہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹٰ آئی کے سابق رہنما کے چہرے پر شدید مایوسی اور گھبراہٹ کے آثار واضح طور پر نمایاں ہیں۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاں ”استحکام پاکستان“ میں شمولیت اختیار کرنے والے لیڈرز اپنا سر اٹھائے کھڑے ہیں تو وہیں فواد چوہدری اپنا سر جھکائے بیٹھے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا اس ویڈیو کے بارے میں کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے فواد چوہدری کے چہرے پر مایوسی کے آثار کی وجہ ان کی اس پارٹی (استحکامِ پاکستان) میں مبینہ جبری شمولیت ہو یا ہوسکتا ہے کہ وہ اپنی ہی پرانی پارٹی کے کارکنان کی تنقید سے بچنے کے لیے ایسے ایکشن حکمت عملی کے طور پر کر رہے ہوں۔

دوسری جانب انہیں پی ٹی آئی چھوڑنے اور استحکام پاکستان میں شمولیت پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اور یہ تنقید ان تک ہی محدود نہیں بلکہ فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد کو بھی بخشا نہیں جارہا۔اس حوالے سے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے فواد چوہدری کی اہلیہ نے کہا ہے کہ انہیں ’کسی کو صفائی نہیں دینی‘۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں حبا فواد چوہدری نے کہا کہ ’میرا رب سب جانتا ہے، مجھے یہاں کسی کو صفائی نہیں دینی‘۔

ان کی اس ٹوئٹ کے جواب میں سوشل میڈیا صارفین خصوصاً پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے بھرپور ردعمل دیکھنے کو ملا ہے۔

Read Comments