اداروں کو بغاوت پر اکسانے کا کیس: فواد چوہدری 17 جون کو عدالت طلب

آئندہ سماعت پر فواد چوہدری کے ضمان کو پیش ہونے کا حکم
شائع 14 جون 2023 11:56am

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو17 جون کو طلب کر لیا۔

ایڈیشنل اینڈ سیشن جج اسلام آباد طاہر عباس سپرا نے فواد چوہدری کے خلاف اداروں کو بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ فواد چوہدری کا فون نمبر درج ہے، کیا آپ نے کال کی؟ جس پر تعمیلی افسر نے بتایا کہ فواد چوہدری کا موبائل فون بند ہے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ ابھی پھر فون کریں اور بتائیں کہ آپ کا کیس ہے عدالت کیوں پیش نہیں ہوئے، تعمیلی افسر نے فواد چوہدری کا نمبر پھر بند ہونے کا بیان دیا۔

عدالت نے فواد چوہدری کو 17 جون کو طلب کرتے ہوئے ان کے لاہور اور اسلام آباد والے گھر کے ایڈریس پر طلبی کے نوٹس کی تعمیل کا حکم دیا۔

عدالت نے فواد چوہدری کے طلبی کے سمن کی تعمیل کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ان کے ضامن کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا جب کہ کیس کی سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔

Read Comments