Aaj Logo

شائع 14 جون 2023 06:46pm

پی ٹی آئی کارکنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل، رہا کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کارکنوں کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے نظر بند کارکنوں کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کارکنوں کی نظربندی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے مزید 3 کارکنوں کی نظربندی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا اور نظر بند کارکنوں کو جیل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے حکم میں کہا کہ نظر بند افراد اگر کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو رہا کیا جائے۔ ملزمان میں امین، اظہر حسین اور شیخ محمد جیلانی شامل ہیں۔

دوران سماعت جسٹس یوسف سعید نے ریمارکس دیے کہ ان افراد کی نظربندی کا نوٹیفکیشن تو 13 مئی کو جاری کیا گیا تھا، ایک مہینے کی مدت تو پوری ہوچکی ہے، پھر کیوں رہا نہیں کیا جارہا۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ امین، اظہر حسین اور شیخ محمد جیلانی کی نظربندی کی مدت پوری ہوچکی ہے مگر رہا نہیں کیا گیا۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ یہ تینوں قائد آباد پولیس کو مطلوب تھے پولیس نے گرفتاری ڈال دی ہے، نظربندی میں توسیع کی جاتی تو عدالت کو آگاہ کردیا جاتا۔

بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے نظربندی کی درخواستیں نمٹادیں۔

Read Comments