Aaj Logo

شائع 15 جون 2023 01:15pm

مدینہ: 8 منٹ دل کی دھڑکن رکنے کے باوجود خاتون زندہ بچ گئی

مدینہ میں 8 منٹ دل کی دھڑکن رکنے کے باوجود انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی خاتون زندہ بچ گئی۔ حالیہ عرصے میں اس قسم کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والی خاتون بذریعہ پرواز مدینہ منورہ ایئرپورٹ پہنچی تو ان کے دل کی دھڑکن بند ہوگئی۔ سعودی میڈیکل ٹیم نے بروقت طبی امداد فراہم کرکے خاتون کو اسپتال منتقل کیا۔

سعودی عرب میں میڈیکل ٹیم نے حج کی ادائیگی کیلئے آنے والی انڈونیشین خاتون کی جان بچا لی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ خاتون کی دل کی دھڑکن اٹھ منٹ تک بند رہی تاہم بر وقت طبی امداد ملنے سے مریضہ کو بہت فائدہ ہوا۔

یاد رہے کہ 14 جون 2023 کو بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جس میں مکہ مکرمہ میں عارضہ قلب کا شکار ہونے والے بزرگ عراقی حاجی کو بچا لیا گیا تھا۔

سعودی عرب میں فریضہ حج کے لیے آئے 80 سالہ عازم حج کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد انہیں فوری طور پر شاہ عبداللہ میڈیکل سٹی کے ہارٹ سنٹر میں منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے ذریعے ان کی زندگی بچا لی گئی تھی۔

اس سے قبل 20 اپریل 2023 کو بھی مکہ مکرمہ میں ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں مصری شہری کا دل دو مرتبہ بند ہوا لیکن بروقت طبی امداد کے بعد جان بچا لی گئی تھی۔

32 سالہ معتمر کے دل نے بارہ اور پندرہ منٹ کے لیے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ دو مرتبہ میں دل نے 27 منٹ تک کام چھوڑے رکھا۔ مصری معتمر کو سانس کی شدید تکلیف ہوئی اور وہ بے ہوش ہوگیا تھا۔

Read Comments