Aaj Logo

شائع 16 جون 2023 04:38pm

جماعت اسلامی کا میئر کراچی الیکشن کے نتائج کیخلاف مختلف شہروں میں مظاہرے

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر میئر کراچی کے الیکشن کے نتائج کیخلاف یوم سیاہ منایا گیا، مختلف شہروں میں مظاہرے کیے گئے۔

کراچی میں اہم پبلک مقامات پر جماعت اسلامی کے کارکنان سڑکوں پر نکلے اور میئرکراچی الیکشن کے نتائج کو تسلم کرنے اسے انکار کیا اور پیپلزپارٹی کے خلاف نعرے لگائے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ میئر کے جعلی انتخاب اور غیر جمہوری و غیر آئینی عمل کو مسترد کرتے ہیں، پُر امن جمہوری جدو جہد اور مزاحمت کا کوئی طاقت مقابلہ نہیں کرسکتی۔ ہم ایسی جمہوریت اور جمہوری عمل کو تسلیم نہیں کرتے جس میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا ہو۔

انھوں نے کہا کہ کون سا قانون ہے جس میں 193 ووٹ والے ہار جائیں اور 173ووٹ والے جیت جائیں، جیتی ہوئی سیٹیں چھین کر ہمارے نمبرز کم کیے گئے، ہماری لڑائی جمہوریت دشمنوں سے ہے اور ان لوگوں سے ہے جنہوں نے جمہوریت کے نام پر غیر جمہوری رویہ اختیار کیا۔

لاہور میں جماعت اسلامی کی جانب سے ملتان روڈ پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھتے تھے۔ احتجاج کے باعث ملتان روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

کراچی میں میئر کے الیکشن کے نتائج کیخلاف جماعت اسلامی نے کراچی اور لاہور کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی احتجاج کیا۔

Read Comments