Aaj Logo

اپ ڈیٹ 19 جون 2023 08:14pm

بجٹ کے بعد چارٹر آف اکانومی کے لئے کوشش کریں گے، اسحاق ڈار

وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے ایک بار پھر چارٹر آف اکانومی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہیں پتہ کب تک حکومت اور کب اپوزیشن میں ہوں گے، بجٹ کے بعد چارٹر آف اکانومی کے لئے کوشش کریں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے سے آج دوبارہ میٹنگ ہورہی ہے، پیپیلزپارٹی کے وزرا کے ساتھ مل کر مسائل کو حل کریں گے، معیشت کا گرتا ہوا گراف اب رک گیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ہرمرتبہ بجٹ پیش کرتے ہوئے کوشش کی کہ چارٹر آف اکانومی بنالیں، ایٹمی دھماکے کئے تو ہم پربد ترین پابندیاں لگادی گئیں، بجٹ کے بعد چارٹر آف اکانومی کیلئے ہم کوشش کریں گے، میں نے اور رضا ربانی نے معاملہ آگے بڑھایا ہے، امید ہے کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ معاملہ حل ہو جائے گا۔

وزیر خزانہ کے مطابق سندھ میں سیلاب کے حوالے ریلیف کا کام ہوچکا ہے، جہاں تک بحالی کے کام کی بات ہے اس پر ایک رپورٹ بنائی گئی تھی، رپورٹ کے مطابق سیلاب سے سندھ میں 30 بلین ڈالر کے نقصانات ہوئے، سیلاب سے متاثرہ مکانات کی تعمیر کے لیے 16.3 ارب ڈالر درکا رہیں، جمعے کو وزیر اعلیٰ سندھ اور پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات ہوئی، ہم روڈ میپ بنا چکے ہیں، 16 میں سے 11 ارب سندھ میں خرچ کیے جائیں گے، یہ اتنا بڑا مسئلہ نہیں ہے ،یہ حل ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اس معاملے پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، البتہ جو نئی حکومت آئے گی وہ اسے مزید آگے بڑھائے گی۔

Read Comments