جو منی لانڈرنگ اور نیب میں مطلوب تھے وه حکمران بنا دیے گئے، شیخ رشید

ڈیفالٹ کی تلوار سر پے لٹک رہی ہے، سابق وزیر داخلہ
شائع 22 جون 2023 11:00am

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ دیکھتے ہیں شہباز شریف فرانس سے آئی ایم ایف کو منوا کر آتے ہیں یا منہ لٹکا کے آتے ہیں، جھوٹے کیسوں کا جمعہ بازار اور کرپشن کا انبار لگا ہے، جو منی لانڈرنگ اور نیب میں مطلوب تھے وه حکمران بنا دیے گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ حکومت کے 50 دن اور آئی ایم ایف کے فیصلے کو 8 دن رہ گئے، پاکستان میں کوئی شعبہ ایسا نہیں جہاں عدم استحکام نہیں۔

انہوں میں کہا کہ معیشت تباہ ریاست بد حال سیاست کا براحال ہے، 2 کروڑ لوگ بے روزگار، 10 کروڑغربت کی لکیر سے نیچے اور ڈیفالٹ کی تلوار سر پے لٹک رہی ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ شہباز شریف فرانس سے آئی ایف ایم کو منوا کے آتے ہیں یا منہ لٹکا کے آتے ہیں، جو 50 سال سے یہاں سرمایہ کاری کررہے تھے وہ اپنے شیئر بیچ کے جا رہے ہیں، آئین وقانون کی تضحیک میں کون غیرملکی سرمایہ کارپاکستان آئے گا، جو منی لانڈرنگ اور نیب میں مطلوب تھے وه حکمران بنا دیے گئے، جن کو جیلوں میں ہونا چاہیئے تھا وہ غیر ملکی دوروں پر ہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ پولیس گھروں میں گھس کے توڑ پھوڑ کر رہی ہے، چادر اور چار دیواری کو رسوا کر رہی ہے، ملک میں اتنی گندم نہیں کاٹی جارہی جتنی جھوٹی ایف آئی آرکاٹی جارہی ہیں، جھوٹے کیسوں کا جمعہ بازار اور کرپشن کا انبار لگا ہے، جس کو چاہتے ہیں اٹھالیتے ہیں، ایک کیس میں ضمانت ہونے پر دوسری ریڈی میٹ ایف آئی آر جیل کے دروازے پر منتظر ہوتی ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک ونیٹی لیٹر پر ہے جب انڈسٹری نہیں چلے گی تو روزگار نہیں ملے گا اور بے روزگار بھوک کے مارے سمندروں میں ڈوب کے مریں گے یہ کہتے تھے ہم آئیں گے تو دودھ شہد کی نہریں بہئیں گی لیکن انہوں نے مہنگائی بیروزگاری کا طوفان کھڑا کردیا، اسحاق ڈار کہتا تھا ڈالر 200 کا کروں گا اب آئی ایم ایف کے لیے امریکا برطانیہ کے سفیروں کے پاؤں میں پڑا ہے۔

Read Comments