9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد سے رعایت نہیں برتی جاسکتی، جاوید لطیف

چیئرمین پی ٹی آئی کی منصوبہ سازی ناکام ہوچکی، وفاق وزیر
شائع 22 جون 2023 11:35am

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد سے رعایت نہیں برتی جاسکتی، چیئرمین پی ٹی آئی کی منصوبہ سازی ناکام ہوچکی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر جاوید لطیف نے کہا کہ 10،9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد سے رعایت نہیں برتی جاسکتی، 9 مئی کو شرپسندوں نے ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا، ریاستی اداروں پر حملہ براہ راست ریاست پر حملہ ہوتا ہے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی منصوبہ سازی ناکام ہوچکی ہے، انہوں نے اداروں سے متعلق نوجوانوں کی غلط ذہن سازی کی، سازش کے تحت سی پیک پر کام کو روکا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 2013 میں بیروزگاری اور عدم استحکام تھا، نوازشریف نے بجلی کے کار خانے لگا کر روشنیاں بحال کیں، نوازشریف نے کراچی کا امن بحال کیا اور روزگار کے مواقع پیدا کیے۔

Read Comments