Aaj Logo

شائع 22 جون 2023 05:34pm

ذکاء اشرف کے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے پر ایشین کرکٹ کونسل نے کیا کہا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نامزد چیئرمین ذکا اشرف کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد اور اسے ناانصافی قرار دیے جانے پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے ردعمل دے دیا۔

حال ہی میں اے سی سی کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے منظور شدہ ہائبرڈ ماڈل سے متعلق گزشتہ روز پریس کانفرنس میں ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ میں نے ہائبرڈ ماڈل کو پہلے ہی مسترد کر دیا تھا، ایشین کرکٹ کونسل نے پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی دی، پاکستان کو مکمل ایشیاکپ کی میزبانی کرنی چاہیئے۔

ذکا اشرف نے کہا کہ اہم میچز باہر ہوں گے اور نیپال، بھوٹان کے میچز پاکستان میں ہوں گے، پاکستان کے ساتھ ہائبرڈ ماڈل ناانصافی ہے۔

اے سی سی بورڈ کے ایک رکن نے ذکا اشرف کی جانب سے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مسترد کرنے کے بعد بیان دیا۔

اے سی سی کے بورڈ کے رکن نے کہا کہ ذکا اشرف آزاد ہیں، وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں لیکن ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو اے سی سی نے قبول کر لیا ہے اور اب اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے 2 مضبوط امیدوار تھے، مسلم لیگ ن نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی دیکھنا چاہتی تھی جبکہ پیپلز پارٹی ذکا اشرف کی حامی تھی۔

2 روز قبل نجم سیٹھی نے سوشل میڈیا پر بیان کے ذریعے خود کو چیئرمین پی سی بی کی دوڑ سے باہر کر دیا تھا جس کے بعد اب چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط ترین امیدوار ذکا اشرف ہیں۔

ایشیا کپ 2023 کے لیے پاکستان کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا گیا تھا جسے حال ہی میں قبول کیا گیا ہے۔

ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے ابتدائی 4 میچز کی میزبانی پاکستان کرے گا جبکہ بقیہ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں گے۔

پاکستان ایشیاکپ کے 4 میچز کی میزبانی لاہور کے تاریخی قذافی اسٹیڈیم میں کرے گا جبکہ بقیہ 9 میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے تاہم اگر ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم آتی ہے تو فائنل بھی سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔

Read Comments