راج پال یادو پہلی اہلیہ کو یاد کرکے جذباتی ہوگئے
بالی ووڈ اداکار راج پال یادو نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی پہلی اہلیہ بیٹی کی پیدائش کے وقت انتقال کرگئی تھیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راج پال یادو نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ جب وہ 20 سال کے تھے تو اُن کی پہلی اہلیہ کا انتقال ہو گیا تھا۔
راج پال یادیو نے اپنے کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا انہوں نے کبھی مختصر اسکرین ٹائم کے باعث کرداروں کو مسترد نہیں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ اُس وقت کی بات ہے جب اگر کسی کی عمر 20 برس میں نوکری ہوتی تھی تو لوگ اس کو شادی کرنے کا کہتے تھے۔ لہذا میرے والد نے میری شادی کر دی تاہم میری پہلی اہلیہ بیٹی کی پیدائش کے دوران چل بسیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی اہلیہ سے بیٹی کی پیدائش سے اگلے دن ملنا تھا لیکن میں نے اگلے دن اس کی لاش کندھوں پر اٹھائی۔ لیکن میری فیملی اور میری سالی کا شکریہ جس کے باعث میری بیٹی کو کبھی نہیں محسوس ہوا کہ اس کی والدہ نہیں ہے، وہ بہت لاڈ سے پلی بڑھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2003 میں دوسری شادی کی تھی، اُن کی دوسری اہلیہ نے ان کا زندگی میں بہت ساتھ دیا ہے۔