Aaj Logo

اپ ڈیٹ 27 جون 2023 01:17pm

مجھے بھی ٹائٹن آبدوز میں جانے کی دعوت ملی تھی، دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر کا انکشاف

ٹائٹن آبدوز سانحے کے چند دن بعد یوٹیوب کے سب سے بڑے اسٹار مسٹر بیسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں بھی تباہ شدہ اوشین گیٹ ٹائٹن آبدوز میں جانے کے لیے مدعو کیا گیا تھا، لیکن انہوں نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔

مسٹر بیسٹ، جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے، انہوں اپنے ٹویٹ میں ایک ٹیکسٹ میسج شیئر کیا جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں آبدوز پر مدعو کیا گیا تھا۔

انہوں نے لکھا، ’مجھے اس مہینے کے شروع میں ٹائٹن آبدوز پر سوار ہونے کی دعوت دی گئی تھی، لیکن میں نے ایسا نہیں کہا۔ سوچ کر ہی خوف آتا ہے کہ میں اس پر ہوسکتا تھا۔‘

انہوں نے جس میسیج کا اسکرین شاٹ شئیر کیا اس میں لکھا تھا، ’میں اس ماہ کے آخر میں ایک آبدوز میں ٹائٹینک پر جا رہا ہوں، ٹیم آپ کو ساتھ لے جانے کیلئے پرجوش ہے، مجھے یقین ہے کہ آپ کو بھی خوش آمدید کیا جائے گا‘۔

تاہم، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ ٹائٹن کا ہی دعوت نامہ تھا اور یہ بھی واضح نہیں کیا کہ میسیج کس کا تھا۔

مسٹر بیسٹ کے یوٹیوب پر 160 ملین سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں، اور وہ اپنی انسان دوست کوششوں اور سنسنی خیز یوٹیوب ویڈیوز کے لیے مشہور ہیں۔

پچھلے سال، فوربس نے اندازہ لگایا تھا کہ ان کی مجموعی مالیت تقریباً 500 ملین ڈالر ہے۔

مسٹر بیسٹ کا مرکزی یوٹیوب چینل پلیٹ فارم پر سب سے زیادہ سبسکرائب کیے جانے والوں میں چوتھے نمبر پر ہے۔ انہیں یوٹیوب ویڈیوز کا ایک اسٹائل تخلیق کرنے کا سہرا بھی جاتا ہے جو مہنگے مقابلوں اور اسٹنٹ پر مرکوز ہے۔

Read Comments