سیوریج لائن میں الائشیں اور بجری نہ ڈالی جائے، میئر کراچی کی اپیل

شہر قائد سے الائشیں اٹھانے کا آپریشن 5 روزتک جاری رہے گا، مرتضیٰ وہاب
اپ ڈیٹ 29 جون 2023 02:02pm

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شہر میں 110 مقامات پر الائشیں جمع کی جائیں گی، الائشیں اٹھانے کا آپریشن 5 روزتک جاری رہے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کےعملےکی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں، گزشتہ روز سے ہمارا عملہ میدان عمل میں ہے، بدھ کو بوہرا جماعت کے ساتھ عید منائی تھی، اہل حدیث برادری عید کے چوتھے روز بھی قربانی کرتی ہے اس لئے شہر سے الائشیں اٹھانےکا آپریشن 5 روزتک جاری رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ شہر میں 110مقامات پر الائشیں جمع کی جائیں گی، گزارش ہے کہ سیوریج لائن میں الائشیں اور بجری نہ ڈالی جائے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آج عید کا دن ہے محبتیں بانٹیں، خود کو عوامی کہنے سے کوئی عوامی نہیں ہو جاتا، میرے خاندان کی خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، گزارش کرتا ہوں کہ عوامی خدمت میں روڑے نہ اٹکائے جائیں۔

کراچی میں پانی کی سپلائی کے حوالے سے میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کوئی 10 ماہ میں بھی کینجھر جھیل سے کراچی تک واٹر لائن لے آئے تو سلیوٹ کروں گا۔

Read Comments