Aaj Logo

شائع 30 جون 2023 05:18pm

حج کے دوران شیطان کو للکارنے والا شخص سوشل میڈیا پر وائرل

حج کے دوران ایک مرحلہ یہ بھی ہوتا ہے کہ شیطان کو کنکریاں ماری جاتی ہیں لیکن ایک بزرگ شخص کی ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بن گئی جس میں وہ طیش میں آکر شیطان کو للکار رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شئیر ہونے والی ویڈیو میں بزرگ شخص کو دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ویل چئیر پر ہوتے ہیں اور ان کے ہاتھ میں ایک لاٹھی ہوتی ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے انڈر سیکریٹری نے بتایا کہ منیٰ میں جمرات کی رمی کے لیے 66 فیصد حجاج نے پہلی اور چوتھی منزل کا استعمال کیا دیگر نے گراؤنڈ، دوسری اور تیسری منزل استعمال کی۔ رمی کو آسان اور محفوظ بنانے کے لیے جمرات کمپلکس بنایا گیا ہے، جو 950 میٹر طویل ہے۔

بزرگ شخص اتنے جذباتی ہوجاتے ہیں کہ وہ اپنی ویل چئیر سے کھڑے ہوکر اپنی لاٹھی کو فرضی بندوق سمجھ کر شیطان پر گولیاں برسا دیتے ہیں، ساتھ ہی ساتھ ’اللہ اکبر اللہ اکبر‘ کی صدائیں بلند کرتے رہتے ہیں۔

اس دوران وہ دوبارہ اپنی ویل چئیر پر بیٹھ جاتے ہیں لیکن پھر جوش میں آکر دوبارہ کھڑے ہوجاتے ہیں اور شیطان پر فرضی فائرنگ کرنے لگتے ہیں یوں لگتا ہے کہ وہ شیطان کی جان لے کر رہیں گے۔

واضح رہے کہ رواں برس 20 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے حج کی سعادت حاصل کی ہے جبکہ وقوف عرفہ کے دوران حاجیوں کو سخت گرمی کا سامنا رہا۔

Read Comments