Aaj Logo

شائع 03 جولائ 2023 10:47pm

ایشز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ سے قبل آسٹریلوی ٹیم کو بڑا دھچکا

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے آف سپنر نیتھن لیون ایشز سیریز سے باہر ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیتھن لیون کے سیریز سے باہر ہونے سے متعلق کپتان پیٹ کمنز نے بتایا کہ نیتھن لیون دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران پنڈلی کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے، نیتھن نے پنڈلی کی شدید تکلیف کے ساتھ دوسری اننگز میں بیٹنگ کی۔

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ الیون 101 ٹیسٹ میچ کے بعد پہلی مرتبہ نیتھن لیون کے بغیر ہوگی۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے ایشیز سیریز کے پہلے 2 ٹیسٹ میچ جیت لیے ہیں، پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد برمنگھم ٹیسٹ میں 2 وکٹوں جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں 43 رنز سے شکست دی تھی۔

لارڈز ٹیسٹ کے پانچویں روز الیکس کیری نے جونی بیئرسٹو کو متنازع طریقے سے رن آؤٹ کر دیا تھا، فیلڈ امپائر کی جانب سے فیصلہ تھرڈ امپائر کی جانب بھیجا گیا اور تھرڈ امپائر نے انگلش بیٹر کو آؤٹ قرار دے دیا۔

آسٹریلین کھلاڑیوں کو انگلش وکٹ کیپر بیٹر جونی بیئرسٹو کو رن آؤٹ کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کھانے کے وقفے کے دوران انگلش شائقین کی جانب سے آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میری لیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) ممبران نے لانگ روم میں آسٹریلین کھلاڑیوں کے خلاف نعرے لگائے۔

عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر کا لانگ روم میں ایم سی سی ممبران سے سامنا ہوا، عثمان خواجہ کو آسٹریلوی کھلاڑی نے لانگ روم میں جملوں کا تبادلہ کرنے سے روکا۔

Read Comments