Aaj Logo

شائع 05 جولائ 2023 01:01pm

کیا محمد عامر آئی پی ایل کھیلنے کیلئے پاکستانی شہریت چھوڑ دیں گے؟

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے برطانوی پاسپورٹ کے حصول اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں کھیلنے کی افواہوں پر ردعمل کا ظہار کیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاسٹ بولر نے واضح کیا کہ ان کا مستقبل میں انگلینڈ کی نمائندگی کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ وہ پہلے ہی پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے کھیل چکے ہیں۔

آئی پی ایل میں کھیلنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں عامر نے کہا کہ لیگ کے اگلے ایڈیشن میں مزید ایک سال باقی ہے اور وہ اس وقت تک صورتِ حال کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ تب کیا صوت حال ہوگی؟ میں ہمیشہ چیزوں کو اسٹیپ بائے اسٹیب لیتا ہوں۔ ہم نہیں جانتے کہ کل کیا ہوگا، اس لیے میں 2024 میں آئی پی ایل کھیلنے کے بارے میں فی الحال نہی سوچ رہا۔

تاہم، 31 سالہ کرکٹر نے مزید کہا کہ اگر انہوں نے برطانوی پاسپورٹ حاصل کیا تو وہ یقینی طور پر اپنی پوری کوشش کریں گے اور جب بھی مواقع پیدا ہوں گے ان سے بہتر فائدہ اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ محمد عامر کو ڈربن قلندرز نے زیم ایفرو ٹی 10 ٹورنامنٹ کے آئندہ افتتاحی ایڈیشن کے لیے منتخب کیا ہے۔

اس سال کے شروع میں، یہ اطلاع ملی تھی کہ پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے ایک عہدیدار نے عامر سے رابطہ کیا تھا، جس میں سابق فاسٹ باؤلر پر زور دیا گیا تھا کہ وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے خود کو تیار کریں۔

تاہم، پی سی بی نے بعد میں واضح کیا کہ کسی بھی آفیشل نے بائیں ہاتھ کے پیسر سے بین الاقوامی کرکٹ میں ممکنہ واپسی کے لیے رابطہ نہیں کیا، اور یہ رپورٹس ”حقیقت میں غلط“ تھیں۔

Read Comments