Aaj Logo

شائع 07 جولائ 2023 08:34am

اقوام متحدہ کی فلسطین پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت

اقوام متحدہ نے فلسطین پر اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کردی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے پاس فلسطین میں تشدد کی کارروائیوں کا کوئی جواز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنین پر اسرائیل کے فضائی حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، فضائی حملے قانون نافذ کرنے والے آپریشنز سے مطابقت نہیں رکھتے، اسرائیل بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی پاسداری کرے۔

اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے نے اسرائیل میں بین الاقوامی حفاظتی فورس بھجوانے کا مطالبہ کردیا جس پر انتویو گوتیرس نے کہا مجھے نہیں لگتا کہ اسرائیلی حکومت اس مطالبے سے اتفاق کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسا طریقہ کار طے کیا جائے کہ جس سے فلسطینی شہریوں کا تحفظ ممکن ہوسکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں غرب اردن یا مغربی کنارے میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ پراسرائیلی فضائیہ نے بڑا فضائی حملہ کیا تھا جس میں 9 فلسطینی شہید اور 50 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

فضائی حملے کے بعد اسرائیل نے فلسطین میں کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا عندیہ دیا جس پر مغربی کنارے میں قائم پناہ گزین کیمپ (جینین) سے ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔

Read Comments