بنگلہ دیشی کرکٹر نے ریٹائرمنٹ واپس کیوں لی؟ وجہ سامنے آگئی

34 سالہ کرکٹر نے گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا
شائع 07 جولائ 2023 11:37pm

بنگلادیش کی ایک روزہ کرکٹ ٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔

تمیم اقبال نے جمعہ کی سہ پہر بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران ان کی اہلیہ بھی ہمراہ تھیں جبکہ سابق کپتان اور ممبر پارلیمنٹ مشرفی مرتضیٰ اور بی سی بی کے صدر نظم الحسن بھی وزیراعظم کی رہائش گاہ پر موجود تھے۔

ملاقات کے دوران تمیم اقبال نے اپنی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا۔

خیال رہے کہ تمیم اقبال نے افغانستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں بنگلہ دیش کی کپتانی کرنے کے ایک دن بعد جمعرات کو یکدم ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

عبوری طور پر بی سی بی نے افغانستان کے خلاف دوسرے اور تیسرے ون ڈے کے لیے لٹن داس کو کپتان مقرر کیا تھا۔

تمیم اقبال نے ٹیم بنگلادیش کےلیے 241 ایک روزہ میچز کھیلے، جس میں 8 ہزار 313 رنز اسکور کیے، جن میں 14 سنچریاں اور 56 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

Read Comments