Aaj Logo

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2023 02:11pm

عمران خان اب بھی آرمی چیف کیخلاف سرگرم ہیں، قاتلانہ حملے کی مہم چلائی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر پر قاتلانہ حملے کی سوشل میڈیا پر مہم چلانے کی شدید مذمت کی ہے۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح نو مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا کہ 9 مئی کے یوم سیاہ کیلئے بھی ایسے ہی ذہن سازی کی گئی تھی، 9 مئی کے منصوبہ ساز، سہولت کار اور ہینڈلرز کو دوٹوک پیغام ہے کہ پاکستان اور اس کے اداروں کے خلاف ہر سازش کچل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف اور فوج کے خلاف گھٹیا، مذموم اور شر انگیز میڈیا مہم شیطانی ذہن کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، سازشی ذہن اور عناصر ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے خلاف پھر سے سرگرم عمل ہیں، شہداء کے خلاف غلیظ میڈیا مہم چلانے والوں کی نئی میڈیا مہم ایک ہی منصوبے کی کڑی ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو میڈیا مہم چلانے والوں کے خلاف اندرون و بیرون ملک قانونی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف میڈیا مہم آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا، یہ صرف سازش ہے جسے پوری قوت سے روکنا قانونی فرض ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم اس گھناؤنی سازش کو بھی اسی طرح ناکام بنائے گی جس طرح 9 مئی کو ملک میں خانہ جنگی کی سازش ناکام بنائی تھی، مایوس عناصر کو بوکھلاہٹ اور مایوسی میں ملک میں نیا بحران پیدا نہیں کرنے دیں گے، ان شاءاللہ قوم اپنی فوج اور اس کے سربراہ کے ساتھ کھڑی ہے۔

مریم اورنگزیب کا رد عمل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ایک خاص گروہ سوشل میڈیا کے ذریعے نفرت پھیلا رہا ہے، سوشل میڈٰیا کے ذریعے منفی مہم چلائی گئی، سوشل میڈیا پر حکومت اور پاک فوج کےخلاف مہم جاری ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور میں اداروں کو بری طرح تباہ کیا، ملک میں 4 سال نفرت پھیلائی گئی، ، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کو بھی نہ بخشا، ان قومی اداروں کی عمارتوں کو نیلام کرنے کا نعرہ لگایا گیا، بچوں کے ہاتھ میں پٹرول بم نہیں، لیپ ٹاپ ہونا چاہئے۔

Read Comments