Aaj Logo

شائع 12 جولائ 2023 08:44am

آئی ایم ایف ڈیل میں پاکستان کی مدد پر امریکا کا ردعمل

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ہونے والے اسٹاف لیول معاہدے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور پاکستان میں اسٹاف لیول معاہدہ خوش آئند ہے۔

واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران میتھیو ملر سے صحافی نے سوال کیا کہ کیا آئی ایم ایف سے ڈیل میں امریکا نے پاکستان کی مدد کی ہے؟

جس کے جواب میں میتھیو ملز نے کہا کہ ’اس مشکل وقت میں ہم پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ ہم پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف لیول معاہدے کی پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملک کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔‘

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ ’ہم تجارت اور سرمایہ کاری کومضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تیکنیکی ذرائع سےرابطے جاری رکھیں گے جو ہمارے دو طرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔‘

میتھیو ملر نے کہا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو آئندہ بہت محنت کرنا ہوگی تاکہ طویل المدت اقتصادی بحالی اور خوشحالی کی پائیدار راہ پر گامزن رہ سکے اور اس عمل میں ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔‘

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ ”پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کی بنیاد عوام سے عوام کے قریبی روابط پر ہے۔ اور ہم اپنی شراکت داری اور اقتصادی روابط میں توسیع کے طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں۔“

میتھیو ملر نے کہا، ’پاکستان کے ساتھ ہمارے اقتصادی تعاون سے پورے خطے میں، آزاد اور خود مختار، مضبوط اور خوشحال ممالک پر مشتمل خطے کے ہمارے تصور کی عکاسی ہوتی ہے۔ ہمارے تعلقات کی بنیاد احترام اور شراکت داری پر ہے۔‘

Read Comments