شائع 24 جولائ 2023 08:19pm

کچھ افراد نہایت بے حس ہوتے ہیں، رومیسہ خان مداح نرس پر کیوں برہم ہوئیں؟

پاکستان کی معروف ٹک ٹاکر اور اداکارہ رومیسہ خان نے مداحوں کے غیر حساس رویے کی نشاندہی کرتے ہوئے، انہیں ہمدردانہ رویہ اختیار کرنے کا درس دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ تھریڈز پر ٹک ٹاکر رومیسہ خان نے لکھا کہ عوامی شخصیت ہونا مشکل ہے کچھ روز قبل والدہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں تھیں اور نرسز مجھ سے سیلفی لینے کی فرمائش کررہی تھیں یہ انتہائی غیراخلاقی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ کچھ افراد نہایت بے حس ہوتے ہیں، میں جانتی ہوں کہ میں معروف شخصیت ہوں لیکن اس کا مطلب ہرگز نہیں ہے کہ میں پبلک پراپرٹی ہوں۔

انہوں نے لکھا کہ یہ انتہائی غیر اخلاقی عمل تھا کہ میری والدہ اسپتال کے آئی سی یو میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہی ہیں، میں ان کی زندگی کے لئے گڑگڑا کر دعا مانگ رہی ہوں اور اسپتال کا عملہ اور نرسز ویڈیوز بنا رہی ہیں، مجھ سے سیلفی کا کہہ رہی ہیں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ کسی تقریب میں یا مالز میں ایسا رویہ سمجھ آتا ہے لیکن ایسی حساس جگہ پر سمجھ سے بالا تر ہے۔

انہوں نے اپنی والدہ کی خیریت بتاتے ہوئے دعاؤں کی اپیل کی اور لکھا کہ آپ سب کی محبتوں کا شکریہ اب ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔

Read Comments