Aaj Logo

شائع 01 اگست 2023 09:57am

فلم ’باربی‘ میں کاٹ چھانٹ کیلئے سنسر بورڈ کی بیٹھک آج لگے گی

ایک طرف جہاں ہالی ووڈ کی مشہور فلم ’باربی‘ کا کریز دنیا کے سر چڑھ کر بول رہا ہے، وہیں پاکستان میں ریلیز سے قبل اس کی کاٹ چھانٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر فلم ’بار بی‘ کی اسکریننگ کے لئے فلم سنسر بورڈ کا اجلاس آج ہوگا جس میں فلم کا ریویو کرکے قابل اعتراض مواد نکالنے کے بعد ریلیز کا فیصلہ ہوگا۔

پنجاب کے علاوہ پاکستان کے دیگر شہروں سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں باربی کی نمائش جاری ہے

پنجاب میں فلم کی نمائش موخر ہونے کے حوالے سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ فلم میں موجود ’ہم جنس پرستی سے متعلق مواد‘ کے باعث اس کی نمائش پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر کا کہنا ہے کہ سنسر بورڈ ہالی ووڈ کی فلم ’باربی‘ کا ریویو کرے گا، فلم سے قابل اعتراض مواد نکالنے کے بعد فلم ریلیز کی جائے گی۔

فل بورڈ ریویو میں چیئرمین توقیر ناصر سمیت تمام بارہ اراکین موجود ہوں گے جو فلم کا جائزہ لیں گے۔

قبل ازیں، باربی کی پنجاب میں نمائش قابل اعتراض مواد کی وجہ سے روک دی گئی تھی اور پنجاب حکومت نے فلم کو دوبارہ ریویو کے لیے سنسر بورڈ کو بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

Read Comments