Aaj Logo

شائع 02 اگست 2023 12:43pm

وقار ذکا کا باجوڑ دھماکے میں جاں بحق بچے کے اہل خانہ کو روزگار فراہمی کا اعلان

باجوڑ حملے میں جاں بحق ہونے والے سات بہنوں کے 12 سالہ بھائی ابوذر کے اہلِ خانہ کیلئے وقار ذکاء نے ایک اہم اعلان کیا ہے۔

”لیونگ آن دی ایج“ سے شہرت پانے والے وقار ذکاء نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پرایک ویڈیو شئیر کی ہے جس میں انہوں نے باجوڑ حملے کے متاثرین کیلئے ایک پیغام دیا ہے۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ ابو ذر کی بہنوں کو ان کی ٹیم کی جانب سے ٹریننگ دی جائے گی تاکہ وہ گھر بیٹھے کما سکیں، چونکہ سات بہنوں کا اکلوتا بھائی ابو ذر ہی ان کی کفالت کیا کرتا تھا۔

انہوں نے باجوڑ ایجنسی سے بھی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ حملے کے تمام متاثرین کی تفصیلات انہیں فراہم کی جائیں تاکہ وہ اور ٹیم میں موجود خواتین کے ذریعے ان متاثرین کو ٹریننگ دی جائے۔

واضح رہے کہ وقار ذکاء نے کرپٹو کرنسی کے لئے ایک آن لائن اکیڈمی شروع کی ہے۔ وہ ہائیڈرو پاور کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کا پہلا کرپٹو مائننگ فارم بھی شروع کر رہے ہیں۔

اس سے قبل انہوں نے اپنی سیاسی جماعت تحریک ٹیکنالوجی پاکستان کے ذریعے پاکستان میں کرپٹو کرنسیز کو قانونی حیثیت دینے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔

ابو ذر کے والد جاوید کے مطابق وہ اسکول کی چھٹیوں اور فارغ اوقات میں چپس فروخت کرتا تھا تاکہ گھر کی معاشی مشکلات دور کرنے میں مدد کر سکے۔

والد کا مزید کہنا تھا کہ بیٹے کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں تھا، وہ سرکاری اسکول کا طالب علم تھا اور پارٹ ٹائم مزدوری کرتا تھا لیکن گھر کا چولہا جلائے رکھنے کی کوشش نے اسکی جان لے لی۔

Read Comments