ٹیلرسوئفٹ کی دریا دلی: ٹرک ڈرائیورز کو 5 ملین ڈالرز ٹِپ دے دی

ٹیلر سوئفٹ نے کنسرٹ کا سامان منقتل کرنے والے ٹرک ڈرائیورز کو 5 ملین ڈالرز کا بڑا بونس دے ڈالا
شائع 03 اگست 2023 03:07pm

معروف امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے امریکا میں میوزک ٹور کے دوران اپنے ساز سامان کی باحفاظت منتقلی پر ٹرک ڈرائیورز کو خوش ہوکر 5 ملین ڈالرز کی ٹِپ دے ڈالی۔

حال ہی میں اپنے کنسرٹ کے ساؤنڈ سسٹم کی وجہ سے امریکا کے شہر سیٹل میں 2.3 شدت کے زلزلے کی وجہ بننے والی ٹیلر سوئفٹ ایک مرتبہ پھر سُرخیوں کا حصہ ہیں۔ لیکن اس بار وہ گلوکاری کے بجائے دریا دلی کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔

کنسرٹ کی شاندار کامیابی کے بعد گلوکارہ نے 50 ٹرک ڈرائیورز کو 5 ملین ڈالرز کا بونس دے دیا۔

لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق ٹرک ڈرائیورز کو بونس دینے کے علاوہ گلوکارہ نے اپنے بینڈ کے اراکین، ڈانسرز، لائٹنگ اور ساؤنڈ ٹیکنیشنز، کیٹررز اور دیگر عملے کو بھی دل کھول کر کافی رقم تحفے میں دی۔

سوشل میڈیا پر بھی ٹیلر سوئفٹ کے اس اقدام کے خوب چرچے ہورہے ہیں اور مداح گلوکارہ کے اس عمل پر انہیں خوب سراہ رہے ہیں۔

Read Comments