Aaj Logo

شائع 04 اگست 2023 08:30pm

وزیراعظم نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کردیا

وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کردیا۔

وزیراعظم نے راولپنڈی میں نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضا ئیہ کے سربراہ کی کاوشوں سے یہ منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، منصوبہ پاکستان میں تکنیکی ترقی کی حوصلہ افزائی کرے گا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے آنے والی نسلوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا ہو گا اور پاکستان کی خود انحصاری کے سفر میں بھی یہ منصوبہ اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

راولپنڈی میں قائم کیا جانے والا نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک انڈسٹری اور اکیڈمیہ کے درمیان روابط قائم کرے گا، منصوبہ ایوی ایشن، اسپیس اور سائبر کے تحت ضروری عناصر کا ایکو سسٹم بھی فراہم کرے گا۔

افتتاحی تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزراء سمیت اعلیٰ سول و ملٹری حکام بھی شریک ہوئے۔

شہباز شریف نے ’’سلام پاکستان‘‘ برانڈ اور ای پورٹل کا بھی افتتاح کردیا

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ’’سلام پاکستان‘‘ برانڈ اور ای پورٹل کا بھی افتتاح کردیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سیاحوں کے لیے ایک بے مثال ملک ہے، پاکستان میں سیاحت، ثقافت اور تاریخی ورثہ کے فروغ کے وسیع مواقع دستیاب ہیں، ای پورٹل دنیا بھر سے سیاحوں کی پاکستان میں دلچسپی بڑھانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل اور خوبصورت مناظر سے نوازا ہے، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، خصوصاً ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیاحتی مقامات کو سیاحت کے فروغ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور فروغ کے لیے مشیر وزیراعظم عون چوہدری اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل قدر ہیں، برادر اسلامی ممالک سمیت دنیا کے کئی دیگر ممالک نے ثقافت، دستکاریوں اور سیاحت کے شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔

ایران کے وزیر ثقافت، تاریخی ورثہ، سیاحت و دستکاری سید عزت اللہ زرغامی اور ایران کے سفیررضا میری سمیت سفارتی برادری اور اعلیٰ حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔

Read Comments