Aaj Logo

شائع 29 اگست 2023 09:06pm

’عمران خان کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی‘

سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی۔

آج نیوز کے پروگرام“فیصلہ آپ کا“ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے کہا کہ پانچ سال سے کم سزا ہو تو اکثر معطل ہوجاتی ہے، عدالت کوشش کرتی ہے کہ بے گناہ کو سزا نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے میرٹ پر فیصلہ سنایا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کرنا اچھا فیصلہ ہے، لیکن پی ٹی آئی دور کے فیصلہ ان کی راہ میں رکاوٹ بن جائیں گے۔

فواد حسن فواد نے کہا کہ سزا معطل کیس کا فیصلہ آنے تک کی گئی ہے، کیس کا فیصلہ ہونے تک سزا ختم نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ایک بار سزا دینے کیلئے مانیٹرنگ بینچ بنا تھا، اب سزا سے بچانے کیلئے مانیٹرنگ بینچ بنا ہے۔

توشہ خانہ کے حوالے سے عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کے بیان پر فواد حسن فواد نے کہا کہ سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا بیان اہم ہے، پرنسپل سیکرٹری اور وزیراعظم کا تعلق اہم ہوتا ہے۔

انہوں نے اعظم خان کے وعدہ معاف گواہ بننے پر کہا کہ وعدہ معاف گواہ وہ ہوتا ہے جو کہے کہ میں جرم میں شامل تھا، یہ ایک گواہی ہوتی ہے کہ میں نے یہ کام ہوتے دیکھا ہے۔

سائفر معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حلف کی خلاف ورزی سب سےبڑا جرم ہے، کوئی معاملہ میرے علم میں آئے یا لایا جائے تو ذاتی فائدے کیلئے استعمال نہیں کروں گا، سابق وزیراعظم نے سائفر کا معاملہ ذاتی مفاد کیلئے استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی معلومات ڈی کلاسیفائی کرنے کا قانونی طریقہ ہوتا ہے، زبانی طور پر کوئی معلومات ڈی کلاسیفائی نہیں ہوسکتیں۔

Read Comments