Aaj Logo

شائع 30 اگست 2023 12:01pm

ملک میں بجلی بلوں کیخلاف احتجاج، گڈز ٹرانسپورٹرز بھی مطالبات لے آئے

ملک بھر میں آج بھی بجلی بلوں اور ٹیکسز میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے، کراچی کی تاجر ایکشن کمیٹی نے ہڑتال کا اعلان کردیا، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن بھی اپنے مطالبات لیکر میدان میں آ گئی ہے۔

سندھ کے سب سے بڑے شہرکراچی میں تاجر ایکشن کمیٹی نے جمعہ یکم ستمبر کو ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

تاجررہنما رضوان عرفان نے کہا کہ جمعے کو شہر کے تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں گی۔ ٹنڈوالہ یار میں دو ستمبر کو شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جماعت اسلامی کی جانب سے 2 ستمبر کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ پیپلزپارٹی نے بھی بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کراچی نے بھی بجلی کے بلوں کے خلاف جمعہ کے روز تاجر برادری کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

مزید پڑھیں: نوشہرہ فیروز میں بجلی بلوں کیخلاف تاجر اور خواجہ سراؤں کا احتجاج

پی ٹی آئی کراچی نے کہا کہ ہڑتال کی کامیابی کیلئے تاجر، ٹرانسپورٹرز، اساتذہ، علماء کرام اپنا حصہ ڈالیں کیونکہ کراچی کے عوام بھاری بھرکم بجلی کے بلوں سے بے حد پریشان ہیں۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹول پلازہ کی شرح، ڈیزل اور بجلی کی قیمت میں کمی کے علاوہ دیگر مطالبات نہ ماننے پر پہیہ جام ہڑتال کا نوٹس دے دیا۔

مزید پڑھیں: آئی ایم ایف نے بجلی بلوں میں ریلیف پر نگراں حکومت سے پلان مانگ لیا

ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے ٹرانسپورٹرز کی شرائط پوری نہ کیں تو وہ ہڑتال پر مجبور ہوں گے، مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹول پلازہ کی نئی شرح منسوخ کی جائے، ڈیزل کی قیمتیں کم کی جائیں اور گڈز ٹرانسپورٹ کو انڈسٹری کا درجہ دیا جائے۔

مزید پڑھیں: بجلی کے بلوں نے خواتین کیلئے گھر چلانا مشکل کر دیا

چنیوٹ میں بار ایسوسی ایشن کی کال پر تاجروں سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے بار ایسوسی ایشن میں بجلی کے زائد بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین نے بجلی کے بلوں کو جلا دیا۔

بورے والا میں بھی بجلی کے بلز میں ہوشربا اضافے نے دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دو وقت کی روٹی اور بچوں کے تعلیمی اخراجات تو پہلے ہی پورے کرنا انتہائی مشکل تھا اور اب گھر کی چیزیں بیچ کر بل بجلی ادا کر رہے ہیں۔

کوئٹہ میں مہنگائی، بجلی کے بلوں قیمتوں میں اضافے کے خلاف شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کے خاتمے کا مطالبہ کیا ساتھ ہی بل ادا نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

Read Comments