Aaj Logo

شائع 06 ستمبر 2023 09:30am

کتے کے کاٹنے پر والدین کو نہ بتانے والا 14 سالہ لڑکا چل بسا

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہرغازی آباد میں ایک 14 سالہ لڑکا کتے کے کاٹنے کی وجہ سے موت کی آغوش میں چلا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کے لڑکے کو ایک ماہ قبل کتے نے کاٹا تھا لیکن اس نے مبینہ طور پر اس کے بارے میں اپنے والدین کو نہیں بتایا، جس کی شناخت سبیز کے نام سے ہوئی ہے۔

نوجوان کے محلے میں ایک خاتون آوارہ کتوں کو پالتی ہے اور انہیں کھانا کھلاتی ہے اور پانچ سے چھ کتے محلے میں رہتے ہیں۔ سبیز نامی لڑکے کو مبینہ طور پر ان میں سے ایک کتے نے کاٹا تھا۔ یہ کتے ماضی میں مبینہ طور پر دوسرے افراد کو بھی کاٹ چکے ہیں۔

لڑکے کے دادا نے بتایا کہ ان کے پوتے نے خوف کی وجہ سے گھر والوں کو کچھ نہیں بتایا، اور چار دن میں اس میں علامات محسوس ہونے لگیں۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سبیز کو ہوا اور پانی کا خوف پیدا ہوا اور وہ اندھیرے میں رہنے لگا ، وہ خوفزدہ تھا اور اونچی آوازیں نکالتا تھا۔

متاثرہ لڑکے کو مقامی اسپتل منتقل کیا گیا اورعلاج کی غرض سے دوسرے شہر بھی لے جایا گیا لیکن اس کی موت تب ہوئی جب وہ اپنے والد کے ہمراہ واپس آرہا تھا۔

ہلاک نوجوان کے اہل خانہ نے اس واقعے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، اور انتظامیہ اور حکام سے اس بات کو یقینی بنانے کی اپیل کی ہے کہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔

اس واقعے کے بعد غازی آباد میونسپل کارپوریشن نے خاتون کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کتوں کو ”غیرمجاز“ طریقے سے رکھا تھا۔

Read Comments