کراچی: گھر سے 17 سالہ لڑکی کی لاش برآمد، مقدمہ درج ایک ملزم گرفتار

نامزد ملزمان محلے میں ہی رہتے ہیں، مقتولہ کے بھائی کا بیان
شائع 06 ستمبر 2023 07:00pm

کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں واقع ایک گھر سے 17 سال کی لڑکی کی لاش ملنے کا مقدمہ مقتولہ فضا کے بھائی فہد علی کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ ڈکیتی کے دوران قتل کی دفعات کے تحت تھانہ پی آئی بی کالونی میں شہباز، جنید، حسن اور علی نامی افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

مقتولہ کے بھائی فہد علی کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان محلے میں ہی رہتے ہیں جو گھر میں دروازہ توڑ کر داخل ہوئے، بہن کو قتل کیا اور زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے۔

فہد علی کے مطابق واقعہ کے وقت والدہ بینک گئی ہوئی تھیں اور گھر پر کوئی نہیں تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق والدہ گھر واپس آئیں تو دروازہ ٹوٹا ہوا تھا اور بہن کی لاش پڑی تھی، جس کے سر اور چہرے پر زخم تھے، لاش پر بستر اور کپڑے ڈالے گئے تھے اور گھر سے زیورات کے 5 سیٹ غائب تھے۔

فہد علی نے ایف آئی آر میں بتایا کہ نامزد ملزمان زینے کا دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے، بہن کو مزاحمت پر مارپیٹ کرکے گلے میں پھندا ڈال کر مار ڈالا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Read Comments