کراچی: فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالی بچی کا کیس، ملزم جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

کرمنلز اور سیکیورٹی گارڈ کے مابین مقابلے کے باعث حادثہ پیش آیا، تفتیشی افسر
شائع 15 ستمبر 2023 12:15pm

کراچی کےعلاقے بفرزون میں اندھی گولی سے جاں بحق ہونے والی بچی کے کیس میں گرفتار ملزم کو پولیس نے عدالت میں پیش کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی نے ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعيت میں تیموریہ تھانے میں درج ہے۔

تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ کرمنلز اور سیکیورٹی گارڈ کے مابین مقابلے کے باعث حادثہ پیش آیا۔

مزید کہا کہ سیکیورٹی گارڈ ایک ہوٹل میں ملازمت کرتا تھا۔ بچی کے والد ابھی صدمے میں ہے۔

واضح رہے کہ والدین اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے جارہے تھے، بچی گاڑی میں پچھلی سیٹ پر بیٹھی تھی، واقعہ صبح ساڑھے سات بجے کے قریب پیش آیا۔

Read Comments