Aaj Logo

شائع 18 ستمبر 2023 04:53pm

’اگر لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملی تو زرداری سے کہیں گے میرے ہاتھ کھول دیں‘

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے، تمام مسائل صرف پیپلزپارٹی ہی حل کرسکتی ہے۔ ہماری پارٹی کو لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملی تو پھر زرداری سے کہیں گے میرے ہاتھ کھول دیں۔

اوکاڑہ میں پارٹی عہدیدار کے گھر گفتگو کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، معاشی بحران، دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 2009 میں ملک کے خراب معاشی حالات اور مہنگائی پر قابو پا کر غریب عوام کو ریلیف دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی واپسی کا ہمارا مطالبہ بہت پرانا ہے، پیپلزپارٹی نے 2007 میں شہید بے نظیر بھٹو کو دفنا کر بھی الیکشن لڑا تھا، اس لیے پیپلزپارٹی کو دیوار کے ساتھ نہیں لگایا جا سکتا۔

بلاول نے کہا کہ لیول پلئنگ فیلڈ پر ہماری سی ای سی اجلاس میں اعتراضات اٹھائے گئے ہیں، لیول پلئنگ فیلڈ کے حوالے سے صدر زرداری کو اختیار دے دیا ہے، ’اگر لیول پلئنگ فیلڈ نہ ملی تو پھر زرداری سے کہیں گے میرے ہاتھ کھول دیں‘۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کی مرتبہ بھی انہوں نے سمجھا تھا کہ پیپلز پارٹی کو دیوار کے ساتھ لگا دیا جائے گا لیکن کوئی بھی پارٹی کو دیوار کے ساتھ نہ لگا سکا۔

یہ بھی پڑھیں :

شہباز شریف نے نواز شریف کی پاکستان واپسی کی تاریخ کا اعلان کردیا

واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری اوکاڑہ کی ظفر کالونی میں پیپلز یوتھ آر گنائزیشن وسطی پنجاب کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری آصف بلوچ کی رہائش گاہ گئے اور ان کے بھائی مقتول کاشف بلوچ کی تعزیت کی اور قتل کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

Read Comments