Aaj Logo

اپ ڈیٹ 22 ستمبر 2023 10:20am

کینیڈا میں دہشتگردی پر امریکا نے بھی بھارت کو وارننگ دے دی

کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل ہونے پر امریکا نے بھی بھارت کو وارننگ دے دی ہے۔

امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ امریکا اس معاملے میں بھارت کو کوئی خصوصی رعایت نہیں دے رہا اور بھارتی اعلیٰ سطح کے حکام سے رابطے میں ہے۔

امریکی مشیر سلامتی نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ اس معاملے میں کینیڈا اور امریکہ کے درمیان کوئی دراڑ ہے۔

واشنگٹن کے ولسن سینٹر میں جنوبی ایشیائی امور کے اسکالر مائیکل کوگلمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کے اس بیان کو غیرمعمولی قرار دیا۔

امریکا بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ رواں سال ہی صدر جو بائیڈن نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا تھا۔

ایک سوال کے جواب میں جیک سلیوان نے کہا کہ امریکا اپنے اصولوں پر قائم رہے گا، چاہے کوئی بھی ملک متاثر ہو، یہ ہمارے لیے تشویش کی بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات کے لیے آپ کو کوئی خاص رعایت نہیں ملتی، اپنے بنیادی اصولوں کا دفاع کریں گے۔

جیک سلیوان نے کہا کہ ہم کینیڈا جیسے اتحادیوں سے بھی قریبی مشاورت کریں گے کیونکہ وہ اپنے قانون کے نفاذ اور سفارتی عمل کو آگے بڑھاتے ہیں۔

یاد رہے کہ پیرکے روز کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ بھارتی حکومت سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے جون میں ہونے والے قتل میں ملوث ہے، جس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

Read Comments