Aaj Logo

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2023 08:58pm

پاکستان میں عید میلادالنبی پر دہشتگردی: امریکا، سعودیہ، ایران سمیت دیگر ممالک کی مذمت

عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر بلوچستان کے شہر مستونگ اور خیبرپختونخوا کے شہر ہنگو میں دہشت گردوں کے خودکش حملوں پر امریکا، برطانیہ، فرانس، سعودی عرب اور ایران نے مذمت کا اظہار کیا ہے۔

12 ربیع الاول کے موقع پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعات پر امریکا نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔

مزید پڑھیں

مستونگ: عید میلادالنبی جلوس کے قریب خود کش دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 52شہید، متعدد زخمی

ہنگو: نماز جمعہ کے دوران مسجد میں یکے بعد دیگرے دو خودکش دھماکے، 5افراد شہید

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم

امریکی سفیر ڈونلڈبلوم نے مستونگ اور ہنگو میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ متاثرہ پاکستانی فیملیز کے دکھ میں شریک ہیں، ایسے گھناؤنے حملوں کے مقابلے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، دہشت گردی کے خوف کے بغیر مذہبی تہوار منانا پاکستانی عوام کا حق ہے۔

امریکا

امریکی سفارتخانے نے اپنے ایک ٹویٹ میں پاکستان میں عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر خودکش دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگرد حملے ہوئے ہیں، پاکستانی عوام کسی خوف کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق جشن منانے کے مستحق ہیں۔

امریکی سفارتخانے کے حکام نے کہا کہ ہمارے دل متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے لیے رنجیدہ ہیں، امریکا ان شیطانی حملوں کا سامنا کرنے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

ایران

ایرانی وزارت خارجہ نے پاکستان میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا کہ متاثرین اور حکومت پاکستان سے ہمدردی ہے، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں، ثابت ہوگیا دہشت گرد حضور پاکؐ کی تعلیمات سے کوسوں دور ہیں۔

برطانیہ

برطانوی ہائی کمشنر نے اپنے بیان میں کہاکہ دھماکے کی خبر سن کر شدید دکھ ہوا، دنیا میں کہیں بھی تشدد کی کوئی جگہ نہیں، مشکل وقت میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

فرانس

فرانسیسی سفارتخانے نے بھی مستونگ اور ہنگو دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

سعودی عرب

سعودی وزارت خارجہ نے بھی مستونگ میں دہشت گردی کے واقعے کی پر زور مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی سے معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ کہ دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔

Read Comments