شائع 02 اکتوبر 2023 01:46pm

’اِدھر دیکھیں میری طرف، چہرہ تھوڑا سا اُوپر کریں‘

شوبزسیلیبرٹیزکی شادیاں عام شادیوں سے ذرا ہٹ کر ہوتی ہیں یا شاید فالوورز ہی انہیں کچھ زیادہ الگ پاتے ہیں، کیونکہ یہاں ہرچیز کو بڑے منظم اندازمیں سرانجام پاتے دیکھنا بہت سوں کے لیے حیرت کا باعث ہوتا ہے خصوصاً ان کیلئے جو بیچارے ’روایتی شادی‘ کے ستائے ہوتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تازہ ترین شادی ماہرہ خان کی ہے جو گزشتہ روز یکم اکتوبرکو ملکہ کوہسار مری میں ایسے ’پُرسکون‘ طریقے سے منعقد کی گئی کہ دیکھنے والے بس دیکھتے ہی رہ گئے۔

فی الحال اس انتہائی نجی تقریب سے صرف ایک ہی ویڈیو سامنے آئی ہے جو ماہرہ کے بھائی حسان اور ان کی منیجر نے شیئرکی۔

ماہرہ نے زندگی کی اس نئی شاہراہ پر انتہائی قریبی دوست بزنس ٹائیکون سلیم کریم کے ساتھ قدم رکھا ہے اور اس شادی کا عندیہ اداکارہ کافی عرصے قبل دے چکی تھیں۔

مزید پڑھیں:

ماہرہ خان اور سلیم کریم نے نئے سفرکا آغاز کردیا، ویڈیووائرل

ماہرہ خان نے اپنی شادی پر کس ڈیزائنر کا تیارکردہ لہنگا پہنا

کیا ماہرہ خان اور سلیم کریم رواں سال شادی کررہے ہیں

شادی تو بخیروعافیت سراجام پائی لیکن ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کے دلوں پر چھُریاں چلاگئی، وجہ ماہرہ سے کسی قسم کا بغض نہیں بلکہ اس شادی کا وہ ’ماحول‘ بنا جسے پانا ہرکسی کی قسمت میں نہیں ہوتا۔

بنٹی نامی ایک صارف کی ایکس پوسٹ نے بہت سے دلوں کی ترجمانی کرنے میں سونے پرسہاگے کا کام کیا اور پھر اس شادی کا مقابلہ ’دیسی شادی‘ سے کرتے ہوئے دلوں کے وہ وہ پھپھولے پھوڑے گئے جنہیں پڑھنے والے شاید ہی بےساختہ مسکراہٹ روک پائیں۔

صارف کا کہنا تھا کہ، ’ایک یہ شادی ہے اورایک ہم مڈل کلاس لوگوں کی شادی ہوتی ہے،جہاں اسٹیج کے آگے رش لگا ہوتا ہے جیسے لنگر تقسیم ہو رہا ہے، 4 5 بچے ایسے بھاگ رہے ہوتے ہیں جیسے اولمپکس میں گولڈ میڈل انہوں نے ہی لانا ہے۔ کیمرہ مین کا ”اِدھردیکھیں میری طرف تھورا سا چہرا اوپر کریں“ نہیں مُک (ختم رہا ہوتا، ایک پھوپھا وکھرا ناراض ہوتا ہے کہ سانوں تے کسی نے پچھیا ای نئیں (ہمیں تو کسی نے پوچھا ہی نہیں)‘۔

اس پوسٹ کو پڑھنے والوں کے جہاں قہقے نہ رک سکے تو وہیں بہت سوں نے اس کو حقیقت سے مطابقت دی۔

ایک صارف نے خواتین پر مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اور آنٹیز کھانے میں فالٹ نکال رہی ہوتی ہیں، پھپو اپنی سائیڈ پر ناراض ہو کر بیٹھی ہوتی ہیں‘۔

ایک صارف نے اپنا تجربہ شئیر ہوئے لکھا کہ ’شادیوں میں بچوں کا بھاگنا 1991 سے چلتا آرہا ہے‘۔

اس تبصرے کا ایک صارف نے دلچسپ جواب دیا کہ ’کوئی بچہ نہیں ہے ویڈیو میں، ہوسکتا ہے کہ انہیں لاک کیا گیا ہو یا پھر یہ بھی ممکن ہے کہ شادی کے کارڈز پر بچوں کو ساتھ نہ لانے کا کہا گیا ہو‘۔

واضح رہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سپراسٹارماہرہ خان گزشتہ روز اپنے دیرینہ دوست بزنس ٹائیکون سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔

وائرل ویڈیو میں اداکارہ کو اس خاص دن کیلئے سفید رنگ کے بھاری کامدار آئیوری لہنگے میں دیکھا جاسکتا ہے۔

رواں برس اگست کے مہینے میں ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ اداکارہ ماہرہ خان آئندہ ماہ شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی۔تاہم اس خبر کے بعد ماہرہ خان کی مینیجر اور ٹیم کی رکن انوشے طلحہٰ خان نے ان رپورٹس کو غیر ذمہ دارانہ صحافت قرار دیا تھا۔

ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے پہلی شادی کی تھی جو 2015 تک ہی چل سکی، 2009 میں ان کے یہاں بیٹے اذلان عسکری کی پیدائش ہوئی تھی۔

Read Comments