Aaj Logo

شائع 04 اکتوبر 2023 09:57am

دل تھام لیں، چاہت فتح علی خان نے ’ورلڈ کپ ترانہ‘ ریلیز کردیا ہے

کرکٹ سے متعلق کوئی بھی اہم موقع ہو اور چاہت فتح علی خان کا ترانہ نہ ہو، ایسا تو ہو نہیں سکتا، ایشیا کپ اور پی ایس ایل کے بعد اب پیش خدمت ہے آئی سی سی ورلڈکپ کا ترانہ جسے سُن کر آپ نے خود فیصلہ کرنا ہے کہ بھارتی ترانہ زیادہ اچھا ہے یا پھرچاہت فتح نے میدان مارلیا ہے۔

بڑی حد تک چاہت فتح علی خان کے اندازگائیکی سے سمجھوتہ کرلینے والے سوشل میڈیا صارفین اب اُن کے ’بے مثال سُروں‘ پر اشتعال میں آنے کے بجائے محظوظ ہونا سیکھ گئے ہیں۔

ورلڈ کپ ترانہ بھی ان کی گزشتہ نایاب کاوشوں کی طرح ’سگنیچراسٹائل‘ پر مبنی ہے جس میں وہ کوئی ایک لائن پکڑ کر پورا گانا تشکیل دے ڈالتے ہیں۔

نئے ترانے میں راگ سُنانے کے بعد ’جیتیں گے‘ کی گردان ہے اس کے علاوہ چاہت فتح علی خان نے ہر ٹیم کا نام لیکر بھی شائقین کو نوید سُنائی ہے کہ جس جس سے بھی کھیلیں گے، ہم ہی جیتیں گے۔

ویڈیو دیکھنے والے صارفین نے انہیں سراہتے ہوئے دل کھول کر چُلبلے تبصرے کیے۔

چاہت فتح علی خان کا اصل نام کاشف رانا ہے جن کا کہنا ہے کہ انہیں گلوکاری کا شوق 1982 سے ہے جب انہوں نے شیخوپورہ میں ایک میوزک گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

اُن کے مطابق، ’میں جانتا تھا کہ میں ایک بہترین اداکار، پرفارمر،ماڈل اورگلوکار ہوں لہذا میں نے اپنے ٹیلنٹ کو اسکرین پرلانے کا فیصلہ کیا‘۔

Read Comments