لاہور: جعلی ویزوں پریونان جانیوالے 3 مسافر آف لوڈ، ایجنٹ بھی گرفتار

ملزمان نے فی کس 25 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹوں سے کارڈ اورجعلی اسٹیمپس لگوائیں
شائع 04 اکتوبر 2023 10:58am

ایف آئی اے امیگریشن نے لاہور ائرپورٹ پرکارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزوں پر یونان جانے والے تین مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

ائرپورٹ پرچیکنگ کے بعد ملزمان کی جانب سے دکھایا جانے والا یونان کا ویزا جعلی نکلا۔ ملزمان کے پاسپورٹس پر ایتھنز روانگی اور پاکستان آمد کی جعلی اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں۔

ایف آئی اے کے مطابق مسافروں کی آمد و روانگی کے حوالے سے سسٹم میں کوئی سفری ریکارڈ موجود نہ تھا۔ ملزمان فلائٹ نمبر EY242 سے یونان جا رہے تھے۔

ملزمان محمد زبیر، وحید اختر، اور اسد دانیال نے فی کس 25 لاکھ روپے کے عوض ایجنٹوں سے کارڈ اورجعلی اسٹیمپس لگوائیں۔

ملزمان کی نشاندہی پرایجنٹ کو ائرپورٹ کی حدود سے گرفتار کرلیا گیا۔ محمد دلدارنامی ایجنٹ کا تعلق سیالکوٹ سے ہے جس کے موبائل سے متعدد پیغامات اورجعلی سفری دستاویزات برآمد کرلی گئی ہیں۔

ملزمان کو قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل لاہورمنتقل کردیا گیا ہے۔

Read Comments