Aaj Logo

شائع 13 اکتوبر 2023 06:00pm

فلسطینیوں کے حق میں جلسے کی اجازت نہ ملنے پر چیف جسٹس نوٹس لیں، پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جلسے کی اجازت نہ ملنے پر چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی ظلم کے خلاف خاموشی اختیار کرنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیگر سیاسی جماعتوں کے برعکس پی ٹی آئی کو پر امن عوامی اجتماعات سے روکنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے تحریک انصاف کو مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پُرامن اجتماع کے انعقاد کی اجازت نہ دینا نہایت شرم ناک اور قابلِ مذمت ہے، قائد اعظم کے اسرائیل پر اصولی مؤقف کو فراموش کرکے اپنے بیرونی آقاؤں کے خوف سے اسرائیلی ظلم کے خلاف خاموشی اختیارکرنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔

تحریک انصاف کے ترجمان نے مزید کہا کہ مظلوم فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سب سے مؤثر آواز کی صورت میدان میں آنے والی جماعت کو سیاسی بنیادوں پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستانی قوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت و مظالم پر شدید تکلیف اور کرب سے دوچار ہے، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کرنا ہر شہری و جماعت کا آئینی حق ہے جس سے ان کو محروم نہیں کیا جاسکتا۔

پی ٹی آئی ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بجائے عوام میں غیرمقبول سیاسی جماعتوں کو ملک کے کسی بھی مقام پر جلسے و اجتماعات منعقد کرنے کی کھلی آزادی ہے، ملک کی سب سے بڑی جماعت کو مصیبت زدہ مسلمانوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی اجازت نہ دینا بے حس حکمرانوں کی بوکھلاہٹ اور خوف کا عکاس ہے۔

ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر متعصبانہ رویہ ترک کر کے تمام سیاسی جماعتوں کو آئین کے مطابق یکساں ماحول فراہم کرتے ہوئے ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ معزز چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ تحریک انصاف کو پُرامن عوامی اجتماعات سے روکنے کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران سے جواب طلب کیا جائے، پاکستانی قوم ہر غیر آئینی وغیر جمہوری حربے کے باوجود ہمیشہ کی طرح مشکل کی اس گھڑی میں اہلِ فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید پڑھیں

اسرائیل کا شمالی غزہ کے 11 لاکھ رہائشیوں کو 24 گھنٹے میں علاقہ خالیکرنے کا الٹی میٹم

پی ٹی آئی کا فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے کل ملک گیرمظاہروں کااعلان

پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک جو اسرائیل کو تسلیم نہیںکرتے

Read Comments