Aaj Logo

شائع 17 اکتوبر 2023 05:10pm

سابق نیول چیف ایڈمرل محمد امجد کو ملائیشیا کے اعلیٰ ترین ملٹری ایوارڈ سے نوازا گیا

سابق نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو ملائیشیا کے اعلیٰ ترین ملٹری ایوارڈ ”پانگلیما گگاہ انگکتن ٹینٹرا“ سے نوازا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سابقہ امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو انکی گراں قدر خدمات کے اعزاز میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایوارڈ تفویض کرنے کی تقریب کوالالمپور میں منعقد کی گئی جس میں دونوں ممالک کے سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جگہ ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بنے ہیں۔

7 اکتوبر کو پاک بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف نے سنبھال لی۔ پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں ہوئی۔

تبدیلی کمانڈ کی تقریب سے خطاب میں سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا تھا کہ پاکستان نیوی کی کمانڈ کرنا میرے لیے بڑا اعزاز تھا۔

محمد امجد خان نیازی نے کہا تھا کہ اللہ کا شکر ہے نیوی میں خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا۔

سابق نیول چیف ایڈمرل امجدخان نیازی نے کہا تھا کہ پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے، مستقبل میں مصنوعی ذہانت کا انسانی زندگی میں بہت عمل دخل ہوگا، چیلنجز کو مدنظررکھتے ہوئے استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے۔

Read Comments