Aaj Logo

شائع 18 اکتوبر 2023 01:47pm

دیگر ممالک اور پارٹرنز کو سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں، وزیراعظم

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ سی پیک کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے، دیگر ممالک اور پارٹرنز کو بھی سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان اور چین آئی ٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھائیں گے۔

بیلٹ اینڈ روڈ کے اعلی سطح فورم سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ اعلی سطح فورم آزاد عالمی معیشت میں مربوط روابط کی اہمیت پر ہو رہا ہے، بیلٹ اینڈروڈ منصوبے پر چینی صدر کو مبارکباد دیتا ہوں۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ بی آر آئی ترقی اور خوشحالی کا منصوبہ ہے، سی پیک اور بی آر آئی کو 10سال مکمل ہو چکے، ان منصوبوں سے عوامی سطح پر رابطوں اور معاشی ترقی کو فروغ ملا، مربوط روابط ہی عوام کی خوشحالی کا باعث بنتے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں 2013 میں بی آر آئی کے فلیگ شپ منصوبے کا آغاز ہوا، اور سی پیک کے تحت 25 ارب ڈالر سے زائد کے 50 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں، اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں گے، دیگر ممالک اور پارٹرنز کو بھی سی پیک میں شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔

نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے ترقیاتی ماڈلز سے بے حد متاثر ہیں، چین نے اپنے لاکھوں غریب عوام کو سہارا دیا، پاکستان اور چین آئی ٹی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھائیں گے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی، غذائی تحفظ اور وباؤ کے چیلنجز درپیش ہیں، ٹرانسپورٹیشن، توانائی و ڈیجیٹل تفریق کے خاتمےکیلئے سرمایہ کاری ضروری ہے۔

Read Comments