Aaj Logo

شائع 21 اکتوبر 2023 06:31pm

پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کے گھر پر پولیس کا چھاپہ

پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عاطف خان کے گھر چھاپہ مارا، تاہم ان کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی کیونکہ اس وقت وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مردان میں عاطف خان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا تاہم وہ گھر پر نہیں ملے۔

پولیس کے مطابق سابق وزیر عاطف خان پر 9 اور 10 مئی کے واقعات سے متعلق ایف آئی آر درج ہیں۔

دوسری جانب نائب صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کا دعویٰ ہے کہ سابق ایم پی اے عبدالسلام کے گھروں پر بھی چھاپے مارے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بغیر وارنٹ کسی کے گھر پر چھاپے مارنا قانون کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کو گرفتار کیا جنہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

کامران بنگش کے خلاف 9 اور 10 مئی واقعات سے متعلق مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں تاہم وہ مختلف کیسز میں ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرچکے ہیں۔

Read Comments