Aaj Logo

شائع 30 اکتوبر 2023 08:38pm

فلسطین میں جاری خون ریزی، عاصم کا سالگرہ منانے سے انکار

پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اسرائیلی بربریت اور خون ریزی پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی سالگرہ منانے سے انکار کردیا۔

عاصم اظہر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر فلسطین کا جھنڈا تھامے اپنی ایک تصویر شیئر کی، اس تصویر کے ساتھ کیپشن میں انہوں نے لکھا ہے کہ ’اس وقت فلسطین میں ہمارے بہن بھائیوں کے ساتھ جو ظلم و ستم ہو رہا ہے وہ دیکھتے ہوئے میں نے رواں برس اپنی سالگرہ نہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

گلوکار نے لکھا ہے کہ اپنی اس سالگرہ کے موقع پر میں چاہتا ہوں کہ ہم سب فلسطین میں ہونے والے قتلِ عام کا پیغام دنیا تک پہنچائیں اور ان کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں وہ کرنے کی کوشش کریں۔

اُنہوں نے لکھا ہے کہ براہِ کرم اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کریں، چاہے وہ سوشل میڈیا ہو اور ہم جیسے فنکار زیادہ سے زیادہ افراد تک فلسطینیوں کے پیغام کو پہنچانے کے لیے اپنے اسٹیج کا استعمال کریں۔

عاصم اظہر نے اپنی پوسٹ کے اختتام پر اپنے مداحوں، دوستوں اور عزیز و اقارب کا سالگرہ کی مبارک بادیں دینے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

Read Comments