Aaj Logo

شائع 01 نومبر 2023 03:06pm

اراضی اسکینڈل: چیرمین پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کے شوہر کی ضمانت خارج

اسپیشل جج اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان نے چیئرمین پی ٹی آئی کے بہنوئی احد مجید کی ضمانت منسوخ کردی، اور ملزم گرفتاری سے بچنے کے لئے موقع سے فرار ہوگیا ہے، جب کہ اینٹی کرپشن اہلکار ملزم کی گرفتاری کے چھاپے مار رہے ہیں۔

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کو لیہ اراضی اسکینڈل میں بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، کیوں کہ چیرمین پی ٹی آئی کے بہنوئی احد مجید کی ضمانت خارج ہوگئی ہے۔ تاہم احد مجید کی گرفتاری نہ ہو سکی، اور وہ موقع سے فرار ہوگئے۔

ترجمان اینٹی کرپشن نے بیان جاری کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ اور بہنوئی احد مجید سے لیہ اراضی اسکینڈل میں تحقیقات جاری ہیں، ڈاکٹر عظمی اور ان کے شوہر احد مجید نے عدالت سے ضمانت کروا رکھی تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ لیگل ٹیم کی جانب سے آج اسپیشل جج اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان کو ٹھوس ثبوت فراہم کے گئے، اور معزز عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سن کر ملزم احد مجید کی ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ اور بہنوئی نے غیر قانونی طور پر لیہ میں زبردستی مالکان سے زمین خریدی، اور غیر قانونی طور پر اثرورسوخ استعمال کرکے زمین کا انتقال بھی کروایا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان نے سرکاری ریکارڈ میں جعلسازی کرکے زمین اپنے نام کروائی، جب کہ احد مجید وغیرہ نے کچھ مالکان کو ڈرا دھمکا کر ان سے زمین اپنے نام لکھوائی۔

ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ ملزم احد مجید کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا گیا لیکن وہ موقع سے فرار ہوگیا۔ جلد احد مجید اور دیگر ملزمان کو گرفتارکر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Read Comments