Aaj Logo

شائع 01 نومبر 2023 03:23pm

سینیٹ میں اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

سینیٹ نے غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظورکرلی۔

سینیٹ اجلاس میں اسرائیلی جنگی جرائم کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی جسے قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے پیش کی، قرارداد میں غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر محاصرے کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔

سینیٹ سے منظور ہونے والی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے یہ قرارداد پاکستان کے عوام کے جذبات کی ترجمانی اور فلسطینی آزاد ریاست کی حمایت کرتی ہے۔

اس موقع پر جلیل عباس جیلانی نے فلسطین سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین کی عوام کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، فلسطین میں جس طرح بچوں کو شہید کیا جا رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال پوری دنیا کے لئے باعث تشویش ہے، اسرائیل فوری مقبوضہ علاقوں سے انخلاء کرے ۔

نگراں وزیر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب اور دیگر ممالک کے سامنے مؤقف رکھا اور او آئی سی فارم میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی جس میں جلد جنگ بندی، قیدیوں کی فوری رہائی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

Read Comments