Aaj Logo

شائع 01 نومبر 2023 04:16pm

اینکر پرسن مرید عباس قتل کیس کی اہم ترین سی سی ٹی وی فوٹیج ضائع

اینکر پرسن مرید عباس قتل کیس کی اہم ترین سی سی ٹی وی فوٹیج ضائع ہوگئی، اور فرانزک لیبارٹری بھیجی گئی یو ایس بی واپس عدالت کو موصول ہوگئی جس کے ساتھ رپورٹ میں بتایا گیا کہ یو ایس بی کرپٹ ہو چکی ہے، اور کسی سرکاری ادارے کے پاس ویڈیو چلنے کے قابل بنانے کی صلاحیت ہی نہیں ہے۔

کراچی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت میں اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران فرانزک لیبارٹری بھیجی گئی یو ایس بی واپس عدالت کو موصول ہوگئی۔

یو ایس بی کے ساتھ منسلک فرانزک ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا کہ ہے کہ یو ایس بی کرپٹ ہو چکی ہے، اور کسی سرکاری ادارے کے پاس ویڈیو کو قابل بنانے کی صلاحیت نہیں ہے۔

عدالت نے اظہار تشویش کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کیا اینکر مرید عباس قتل کیس کی سی سی ٹی وی فوٹیج ضائع ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ڈیٹا حاصل کرنے اور قابل استعمال بنانے کے لیے مدعی مقدمہ نے عدالت میں درخواست دائر کردی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ڈسٹرکٹ جنوبی کی آئی ٹی ٹیم ویڈیو واپس حاصل کر کے چلانے کے قابل بنائیں، فوٹیج قابل استعمال بنانے سے متعلق آئی ٹی ٹیم پر فریقین نے اعتراض نہیں کیا۔

عدالت نے حکم دیا کہ کاروائی اوپن کورٹ میں تمام فریقین کے سامنے ہوگی، ملزم کے وکیل بھی اگر آئی ٹی ایکسپرٹ ساتھ لانا چاہیں تو لاسکتے ہیں، جو آئی ٹیم کی مدد کرے، کیس کے گواہ کے بیان کے وقت سی سی ٹی وی نہیں چلی تھی۔

درخواست مدعی مقدمہ کے وکیل جبران ناصر کی جانب سے دائر کی گئی، مرید عباس کو قتل کرنے کے بعد ملزم پستول تھامے عاطف زمان اور بھائی عادل زمان گواہ عمر ریحان کا پیچھا کرتے ہوئے دیکھائی دے رہے تھے۔

Read Comments