Aaj Logo

شائع 09 نومبر 2023 09:43am

عائزہ خان نے فلسطین سے متعلق پوسٹ ڈیلیٹ کردی

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ عائزہ خان کی جانب سے فلسطین سے متعلق پوسٹ سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کر دی گئی۔

گزشتہ ماہ سے جاری اسرائیل فلسطین کے درمیان کشیدگی نے سوشل میڈیا کو گرما رکھا ہے، جہاں متعدد سیلیبرٹیز کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت میں آواز اٹھائی گئی وہیں نٹرنیٹ صارفین نے اداکارہ کو نہتے فلسطینیوں کیلئے کوئی ردِعمل نہ دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر عائزہ خان سب سے زیادہ فالو کی جانے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں، اتنی مقبولیت کے باوجود ان کی جانب سے خاموش رہنے سے صارفین خاصا مشتعل ہوگئے تھے۔

مداحوں نے اداکارہ سے اسرائیل کی مذمت نہ کرنے پر سوالات اٹھائے تھے، جس کا اداکارہ نے گزشتہ روز اپنی ایک انسٹا پوسٹ کے ذریعے جواب دیا تھا۔

شئیر کی گئی پوسٹ میں اداکارہ نے فلسطینیوں کیلئے آواز نہ اٹھانے کے بارے میں اپنا مؤقف دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ’کیونکہ میں جانتی ہوں کہ روزانہ دُعا کرنا روزانہ پوسٹ کرنے سے زیادہ طاقتور ہے‘۔

عائزہ خان نے مزید لکھا کہ برائے مہربانی دنیا کے لیے زیادہ سے زیادہ دعا کریں اور اس پلیٹ فارم پر انگلیاں اٹھانے اور ایک دوسرے پر الزام تراشی کرنے سے گریز کریں۔

اداکارہ نے اپنی اس انسٹا پوسٹ پر کمنٹ سیکشن کو بند کیا تھا، لیکن ان کی جانب سے یہ پوسٹ وجہ بتائے بغیر گزشتہ رات ڈیلیٹ کردی گئی ہے۔

اسرائیل کی غزہ پر بربریت نے سب ہی کو غمگین کردیا ہے، اب تک اسرائیل کے ہاتھوں 10 ہزار سے زائد فلسطینی شہید کر دیے گئے ہیں۔

دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر اسرائیل کے اس ظلم کی نہ صرف مذمت کی جارہی ہے بلکہ جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا جارہا ہے۔

Read Comments