ملازم کو تیل کی کڑاہی پر پٹخنے کا واقعہ، آج نیوز کی خبر پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا نوٹس

مقتول کے لواحقین کو قانونی معاونت فراہم کی جائے گی،
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2023 01:03pm

آج نیوز پرکم عمرملازم کو مالک کی جانب سے تشدد کے بعد گرم تیل کی کڑاہی پر پٹخنے کی خبر نشر ہونے کے بعد چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے واقعے کا نوٹس لے لیا ۔

”آج نیوز“ نے 6 نومبر کو خبر دی تھی کہ ڈیرہ غازی خان کی تحصیل جام پور کے رانی بازار میں منور نامی مالک نے آصف نامی 14 سالہ ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسے ابلتے تیل کی کڑاہی کے قریب پٹخ دیا۔

متاثرہ بچہ کئی روز اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد انتقال کرگیا۔

آج نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد چائلڈ پروٹیشن بیورو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان کو مقتول کے لواحقین سے رابطے کی ہدایت کردی ہے۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن سارہ احمد کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ راجن پورمیں ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، دکاندارنے 14سالہ آصف کو دیہاڑی کا تقاضاکرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا، اور اسے ابلتی کڑاہی پر گرایا جس سے آصف کی موت ہوگئی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتارکرلیا ہے، مقتول کے لواحقین کو قانونی معاونت فراہم کی جائے گی۔

Read Comments